Welcome To Qalm-e-Sindh

کراچی کا موجودہ انفراسٹرکچر ہمارے معاشی مرکز کے شایانِ شان نہیں: وفاقی وزیر مواصلات

وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ جب بھی کراچی آتا ہوں، شہر کا انفراسٹرکچر دیکھ کر انتہائی دکھ ہوتا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی مرکز ہے، لیکن اس کا موجودہ انفراسٹرکچر اس حیثیت کے مطابق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری سہولیات کی بہتری کے لیے مربوط منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔

عبدالعلیم خان نے بتایا کہ لیاری ایکسپریس وے پر جاری کام غیر تسلی بخش ہے، جس پر ممبر ساؤتھ کو معطل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے کو ایک مثالی منصوبے میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔

وفاقی وزیر کے مطابق ایم–6 اور ایم–10 موٹروے منصوبے اسی مالی سال کے دوران شروع کیے جائیں گے، جو سندھ کے عوام کے لیے وفاقی حکومت کا اہم تحفہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کو صاف ستھرا شہر اور معیاری انفراسٹرکچر فراہم کیا جائے گا۔ موٹرویز کی تکمیل کے بعد کراچی پورٹ ملک بھر سے براہِ راست منسلک ہو جائے گا، جس سے اقتصادی سرگرمیوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔

Related Posts