کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 5 میں ایک بنگلے سے 5 کروڑ روپے کی خطیر رقم چوری کرنے کے الزام میں گھریلو ملازمہ کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق خاتون نے ابتدائی تفتیش میں جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ خاتون گزشتہ 13 سال سے متاثرہ خاندان کے گھر پر ملازمہ کے طور پر کام کر رہی تھی۔ مالکن کی شکایت پر کلفٹن تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ ملازمہ نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے طویل عرصے کے دوران 5 کروڑ روپے چرائے۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ نے چوری شدہ رقم سے نہ صرف گزری میں 50 لاکھ روپے مالیت کا فلیٹ خریدا بلکہ پنجاب میں دو قیمتی پلاٹس، ایک کروڑ روپے کی گاڑیاں، 70 لاکھ کی کمرشل دکانیں بھی خریدی تھیں۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 46 لاکھ روپے نقدی، متعدد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں برآمد کرلی ہیں، جب کہ تمام جائیداد کو سیل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حیران کن طور پر ملازمہ نے یہ تمام سرمایہ کاری اور خریداری خود تنہا کی اور کسی ساتھی کی شمولیت کے شواہد تاحال نہیں ملے۔ واقعے نے سوشل میڈیا پر بھی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں صارفین ملازمہ کی دیدہ دلیری پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں، وہیں گھر مالکان کی بے خبری پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔
مزید تفتیش جاری ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے مالی معاملات اور دیگر ممکنہ ساتھیوں کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔














