نارتھ کراچی کا علاقہ اس وقت لرز اٹھا جب رات کی تاریکی میں ایک پنکچر کی دکان پر سوئے شخص کو نامعلوم افراد نے چھریوں کے پے در پے وار کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ مقتول، جس کی شناخت مستقیم کے نام سے ہوئی ہے، چند روز قبل ہی اپنے رزقِ حلال کے لیے یہ چھوٹا سا کیبن کھول کر بیٹھا تھا۔
مگر قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا — رات کو جب وہ معمول کے مطابق دکان پر سو رہا تھا، قاتلوں نے وار کر دیا۔ خون میں لت پت لاش دیکھ کر مقامی افراد میں خوف کی لہر دوڑ گئی۔ پولیس کے مطابق واقعہ بظاہر ذاتی دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے، تاہم ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں۔ لاش کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، اور قاتلوں کی تلاش کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مستقیم ایک شریف، محنتی انسان تھا، جس کا جرم شاید صرف یہی تھا کہ وہ عزت سے جینا چاہتا تھا۔














