کراچی میں مون سون کی آمد کے ساتھ موسم میں نمایاں تبدیلی کا امکان ہے جہاں بارش اور گرج چمک کے ساتھ تیز آندھی کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ سے شہر میں مون سون کا پہلا اسپیل شروع ہونے جا رہا ہے جو اتوار تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں موسم مرطوب اور جزوی ابر آلود رہے گا، جہاں ہلکی بارش یا بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ ہوا میں نمی کی سطح 76 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ہفتے کے دن وقفے وقفے سے ہونے والی تیز بارش کے باعث شہر میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، خاص طور پر نچلے علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ بڑھ جائے گا۔ اتوار کو بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے جس کے دوران گرج چمک اور آندھی بھی ہو سکتی ہے۔ شہریوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلیوں سے خبردار رہیں اور ممکنہ سیلاب یا پانی جمع ہونے سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ خاص طور پر کمزور ڈھانچے اور نچلے علاقوں میں رہنے والے شہری اپنی حفاظت کو یقینی بنائیں۔














