کراچی میں سڑکوں کی کھدائی اور روڈ کٹنگ پر دو ماہ کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف اداروں کی جانب سے یوٹیلیٹی سروسز کی فراہمی کے لیے سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی کھدائی کی جا رہی تھی، جس کے باعث شہریوں کے لیے حادثات میں اضافہ ہو رہا تھا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل بھی روڈ اور فٹ پاتھ کٹنگ پر پابندی عائد کی گئی تھی، تاہم اس کے باوجود خلاف ورزیوں کی شکایات موصول ہوتی رہیں۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سڑکوں کی کٹنگ پر دفعہ 144 کے تحت دو ماہ کے لیے مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کی کھدائی کے لیے تمام اداروں اور افراد کو شہری حکومت اور حکومتِ سندھ سے پیشگی اجازت حاصل کرنا لازم ہوگا۔














