Welcome To Qalm-e-Sindh

کراچی میں زلزلے کے جھٹکوں کی اصل وجہ سامنے آ گئی، چیف میٹرولوجسٹ کا اہم بیان

شہر قائد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متعدد مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا۔ تاہم اب اس حوالے سے محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر کا اہم بیان سامنے آ گیا ہے، جس میں انہوں نے ان جھٹکوں کی ممکنہ وجوہات کی وضاحت کر دی ہے۔

امیر حیدر کے مطابق کراچی میں محسوس کیے جانے والے زلزلے کے جھٹکے لانڈھی فالٹ لائن کے باعث آ رہے ہیں، جو ایک متحرک فالٹ لائن ہے، مگر اب تک اس پر کبھی کوئی بڑا زلزلہ ریکارڈ نہیں ہوا۔

چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ گزشتہ شام سے لے کر اب تک ملیر، قائدآباد، لانڈھی اور گڈاپ ٹاؤن کے علاقوں میں چار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

پہلا زلزلہ شام 5 بج کر 33 منٹ پر آیا، جس کی شدت 3.6 اور گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔

دوسرا زلزلہ رات 1 بج کر 6 منٹ پر محسوس ہوا، جس کی شدت 3.2 اور گہرائی 12 کلومیٹر تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے اطراف میں دو متحرک فالٹ لائنز موجود ہیں؛ ایک لانڈھی ریجن میں اور دوسری تھانہ بولا خان کے قریب۔ اس کے علاوہ کیرتھر رینج کے قریب مین باؤنڈری لائن بھی موجود ہے، جہاں وقتاً فوقتاً معمولی یا درمیانے درجے کے زلزلے آتے رہتے ہیں۔

مستقبل میں مزید جھٹکوں کا امکان؟

چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق یہ فالٹ لائنز فی الحال متحرک ہیں اور آئندہ چند روز میں مزید معمولی جھٹکے محسوس کیے جا سکتے ہیں، تاہم گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں۔ یہ فطری اور وقتی سرگرمیاں ہیں جو بعض اوقات چند دنوں تک جاری رہتی ہیں۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور صرف مستند ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں

Related Posts