Welcome To Qalm-e-Sindh

کراچی میں بھتے کی پرچیاں ملنے کا نوٹس، وزیراعلیٰ سندھ کی پولیس کو فوری کارروائی کی ہدایت

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں تاجروں، صنعتکاروں اور پراپرٹی ڈیلرز کو بھتے کی پرچیاں موصول ہونے کے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے اور پولیس کو فوری اور مؤثر کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت آباد کے چیئرمین حسن بخشی نے کی۔ ملاقات میں وفد نے شہر میں بھتہ خوری اور زمینوں پر قبضوں سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر کہا کہ بھتہ خوری اور قبضہ مافیا کے معاملات کو میڈیا میں لانے کے بجائے براہ راست حکومت کے سامنے پیش کیا جانا چاہیے تھا تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔

وفد نے بتایا کہ چند ماہ قبل زمینوں پر قبضوں کے خلاف سخت کارروائی کے بعد اب کسی نئی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع نہیں ملی۔ تاہم، بھتہ خوری کے حوالے سے وفد نے وزیراعلیٰ کو موصول ہونے والی پرچیاں اور وہ ٹیلی فون نمبرز بھی فراہم کیے جن سے بھتے کے مطالبات کیے گئے۔

آباد کے نمائندوں کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران بھتہ خوری کے تقریباً 10 واقعات رپورٹ ہوئے، جن پر درج مقدمات میں پولیس کی پیش رفت سے بھی وفد کو آگاہ کیا گیا۔

وزیر داخلہ نے بریفنگ میں بتایا کہ پولیس نے وسیع پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 50 بھتہ خوروں کو گرفتار کر کے جیل بھیجا، جبکہ پولیس مقابلوں میں 6 ملزمان مارے گئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بھتہ خوری اور زمینوں پر قبضوں کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ آباد کی شکایات پر فوری اور سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی بھتہ خوروں کا خاتمہ کیا جا چکا ہے اور اس بار بھی وفاقی حکومت سے رابطہ کر کے بیرونِ ملک بیٹھے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Related Posts