کراچی میں 2 روز تک جاری رہنے والی بارش اور اربن فلڈنگ کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے معذرت کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ کراچی میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں شہر میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ تین گھنٹے کی موسلادھار بارش کے بعد سارا پانی فوری طور پر نکالنا ممکن نہیں، بٹن دبانے سے پانی ختم نہیں ہو سکتا۔
دوسری جانب وزیراطلاعات سندھ نے کہا کہ بارش وقفے وقفے سے ہوتی تو مسائل کم ہوتے، بلدیہ عظمیٰ نے مرکزی نالوں کی صفائی پیشگی کر رکھی تھی، تاہم بارش کی شدت کی وجہ سے پانی کو نکلنے میں وقت لگا۔
میئر کراچی نے کہا کہ شہر کی تمام بڑی سڑکیں فی الحال کلیئر ہیں اور کہیں بارش کا پانی جمع نہیں ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ نالوں کی بروقت صفائی کی وجہ سے گراؤنڈ پر حالات بہتر ہیں۔
یاد رہے کہ منگل کی موسلا دھار بارش نے شہر کے کئی حصوں کو زیر آب کر دیا، جس کے باعث مختلف حادثات میں 17 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ نشیبی علاقے متاثر ہوئے۔ شہریوں کو اس دوران شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔














