کراچی کے علاقے ڈیفنس میں آن لائن فراڈ اسکیموں میں ملوث غیر ملکیوں سمیت متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ڈیفنس فیز ون کے ایک بنگلے اور ڈیفنس فیز سکس کی ایک عمارت پر چھاپے مارے۔ کارروائی کے دوران آن لائن فراڈ اسکیموں پر کام کرنے والے 10 سے زائد غیر ملکیوں سمیت متعدد ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان دفاتر کے اندر بیٹھ کر مختلف آن لائن فراڈ اسکیموں کے ذریعے لوگوں کو دھوکہ دے رہے تھے۔ کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں ڈیجیٹل ڈیٹا بھی برآمد کیا گیا ہے، جسے مزید تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار افراد سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے اور آن لائن فراڈ کے نیٹ ورک سے متعلق دیگر پہلوؤں کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔














