ضلع ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران لیاری گینگ وار کے خطرناک دہشت گرد نوید عرف “کپی” کو پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا۔ پولیس کے مطابق نوید کپی بھتہ خوری، ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم اور سنگین جرائم کی طویل فہرست میں مطلوب تھا۔کارروائی کے دوران ملزم کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، جن کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے رائفل، ماؤزر، موبائل فون اور نقد رقم برآمد کرلی ہے، جو کسی بڑی واردات کی منصوبہ بندی کا اشارہ دیتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم کا شمار لیاری کے بدنام جرائم پیشہ نیٹ ورک کے اہم کارندوں میں ہوتا تھا۔ اس کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں اور اس کا کرمنل ریکارڈ کھنگالا جا رہا ہے۔نوید کپی کی ہلاکت کو پولیس کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جو کراچی میں جرائم کے خلاف جاری کارروائیوں میں اہم پیش رفت ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کا امن تباہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔














