Welcome To Qalm-e-Sindh

کراچی: شادی والے دن لاپتا ہونے والے دلہا کا ڈراپ سین، حقیقت سامنے آ گئی

کراچی کے علاقے کورنگی میں شادی والے دن لاپتا ہونے والے نوجوان کا معاملہ حل ہو گیا، جب وہ خود واپس گھر پہنچ گیا اور اپنی غیر موجودگی کی اصل وجہ سے متعلق بیان دے دیا۔

پولیس کے مطابق نوجوان اپنی مرضی سے گھر سے نکلا تھا، کیونکہ اس کی شادی خاندان کی مرضی سے طے کی گئی تھی، جس پر وہ ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔ نوجوان نے شادی سے انکار کیا تھا اور اسی پریشانی کے باعث گھر چھوڑ دیا۔ تحقیقات کے مطابق، اسے کسی نے اغوا نہیں کیا بلکہ وہ خود ہی فرار ہوا اور کچھ دن سڑکوں پر گزارے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان اور اس کے اہلِ خانہ سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ معاملے کی مکمل تصویر سامنے آ سکے۔

یاد رہے کہ یہ واقعہ 11 ستمبر کو پیش آیا تھا، جب نوجوان دلہا شادی کی تیاری کے لیے سیلون جانے کے بعد لاپتا ہو گیا۔ چند گھنٹے بعد سیلون سے اطلاع ملی کہ وہ وہاں پہنچا ہی نہیں۔ اس واقعے کا مقدمہ زمان ٹاؤن تھانے میں نوجوان کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا، جس میں اغوا کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا۔

تاہم اب نوجوان کی واپسی اور بیان کے بعد کیس کا ڈراپ سین ہو چکا ہے، اور واقعے کو گھریلو دباؤ اور مرضی کے خلاف شادی کی کوشش کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

Related Posts