Welcome To Qalm-e-Sindh

’کراچی: سیف سٹی کیمروں کے باوجود گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چوری کا سلسلہ جاری

کراچی: شہر بھر میں سیف سٹی اور دیگر کیمروں کی تنصیب کے باوجود شہریوں کی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چوری اور چھینی جانے کے واقعات میں کمی نہیں آئی۔

رواں برس نومبر تک شہر میں 1,955 گاڑیاں اور 41,324 موٹر سائیکلیں چھنی یا چوری کی جا چکی ہیں۔ مجموعی طور پر اس سال اب تک 6,357 گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چھنی گئی ہیں جبکہ 36,922 گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چوری ہوئی ہیں۔

شہریوں کے مطابق گھروں کے باہر کھڑی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی محفوظ نہیں ہیں۔ مختلف مقامات سے گاڑیوں کی چوری کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے آئی ہیں، جن میں چور گاڑیاں دھکا لگا کر لے جاتے یا لاک کھول کر موٹر سائیکلیں فرار کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

لیاقت آباد میں ایک سوزوکی چوری کی گئی، جبکہ بلوچ کالونی اور پی آئی بی کالونی میں بھی اسی طرح کی چوری کی وارداتیں سامنے آئی ہیں۔ سعود آباد کے علاقے میں ملزمان نے دو گاڑیوں کے ٹائر چوری کیے اور فرار ہو گئے۔

شہر میں سیف سٹی اور ای چالان کیمروں کے علاوہ دیگر کیمروں کے جال کے باوجود یہ وارداتیں جاری ہیں۔ ایک روز قبل آئی جی سندھ نے بتایا تھا کہ 2019 سے اب تک شہر میں 40,000 سے زائد جدید کیمرے لگانے سے سکیورٹی نیٹ ورک مضبوط ہوا ہے اور 1.4 ارب روپے کے اسمارٹ آئی ٹی پراجیکٹ کے تحت اہم مقامات پر مؤثر سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔

Related Posts