کراچی میں حادثے کے بعد 7 ڈمپروں کو آگ لگانے کے واقعے کے خلاف ٹرک ڈرائیوروں نے موٹروے ایم نائن پر شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے سہراب گوٹھ کے قریب الآصف اسکوائر پر کچرے اور پتھروں سے بھرے ٹرک الٹا دیئے، جس سے موٹروے کے دونوں ٹریک بند ہوگئے اور ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی۔گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگنے پر پولیس نے مظاہرین سے مذاکرات کیے، جس کے بعد ایم نائن پر ٹریفک بحال کر دی گئی۔ادھر پولیس نے ڈمپروں کو نذرِ آتش کرنے کے الزام میں متعدد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔واضح رہے کہ یہ احتجاج اس وقت شروع ہوا جب پاور ہاؤس چورنگی کے قریب ایک ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہو گیا۔ واقعے کے بعد مشتعل افراد نے ناگن چورنگی پر 4 جبکہ فور کے چورنگی پر 3 ڈمپروں کو آگ لگا دی تھی۔ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔