Welcome To Qalm-e-Sindh

کراچی اور بلوچستان میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 5.2 ریکارڈ

کراچی اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

کراچی میں آئی آئی چندریگر روڈ، لیاری، صدر، کلفٹن، پی ای سی ایچ ایس اور ڈی ایچ اے میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اس کے علاوہ سائٹ ایریا، ٹیپو سلطان روڈ، پہلوان گوٹھ اور بحریہ ٹاؤن کے علاقوں میں بھی زمین لرزنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے رات 12 بج کر 51 منٹ پر محسوس کیے گئے۔ زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 12 کلو میٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز کراچی سے 87 کلو میٹر دور بلوچستان کے علاقے سومیانی کے قریب تھا۔

زلزلے کے بعد لیاری کے علاقے نیا آباد میں ایک عمارت کے رہائشی خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی معائنے میں عمارت کو کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم ٹیمیں مزید جائزہ لے رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان کے علاقوں وندر، حب، گڈانی اور سومیانی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

واضح رہے کہ چند گھنٹے قبل بلوچستان کے شہر سبی اور گرد و نواح میں بھی زلزلہ آیا تھا، جس کی شدت 3.2 ریکارڈ کی گئی۔ اس زلزلے کا مرکز سبی کے جنوب مغرب میں 53 کلو میٹر دور تھا۔

تاحال زلزلوں کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

Related Posts