کراچی ائیرپورٹ انتظامیہ نے کئی سال سے ائیرپورٹ پر کھڑے ناکارہ طیاروں کو ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ائیرپورٹ پر مختلف ائیرلائنز کے 25 سے زائد طیارے طویل عرصے سے غیر فعال حالت میں کھڑے ہیں، جن میں پرندوں نے گھونسلے بنا لیے ہیں۔ اکثر ناکارہ طیارے قانونی مسائل اور مقدمات کی وجہ سے ابھی تک ہٹائے نہیں جا سکے۔
ذرائع کے مطابق ائیرپورٹ جنک یارڈ میں سب سے زیادہ 20 طیارے ایک بند ہونے والی نجی ائیرلائن کے ہیں، جبکہ قومی ائیرلائن کے 7 ناکارہ طیاروں کو بھی ہٹانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ناکارہ طیاروں میں کئی بار آگ لگنے کے واقعات بھی ہو چکے ہیں اور طویل عرصے سے گراؤنڈ طیاروں سے پرزے چوری ہونے کی اطلاعات بھی موجود ہیں۔ ائیرپورٹ انتظامیہ مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے تاکہ ان طیاروں کو محفوظ طریقے سے ہٹایا جا سکے۔














