پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد قیصر نے واضح کیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے کالاباغ ڈیم کے حوالے سے دیا گیا بیان ان کی ذاتی رائے ہے اور اسے پارٹی پالیسی نہ سمجھا جائے۔
اپنے ایک بیان میں اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پارٹی کی رائے میں اس وقت کالاباغ ڈیم کی کوئی فوری ضرورت نہیں، اور ملک میں دیگر چھوٹے ڈیمز تعمیر کیے جا سکتے ہیں جو موجودہ ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے اپنے علاقے میں چشمہ رائٹ بینک کینال کا ایک منصوبہ زیر غور ہے، جو مقامی سطح پر پانی کی ضروریات پوری کرے گا۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ متنازع امور کو بلا وجہ چھیڑنا مناسب نہیں، اور ایسے معاملات میں احتیاط اور تدبر کی ضرورت ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے حالیہ دنوں میں کالاباغ ڈیم کی تعمیر کے حق میں متعدد بیانات دیے، جن میں انہوں نے کہا کہ اس طرح کے منصوبے نہ بنانا ملک اور آنے والی نسلوں کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کالاباغ ڈیم سے پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کو پانی ملے گا، اور اگر اس پر اعتراضات ہیں تو سب کو میز پر بیٹھ کر بات کرنی چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ صوبائیت سے بالاتر ہو کر پاکستان کے اجتماعی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے۔














