Welcome To Qalm-e-Sindh

“کارکردگی پر بات کریں، بیانات سے کچھ نہیں ہوگا” : عظمیٰ بخاری کا شرمیلا فاروقی کو مناظرے کا چیلنج

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں مناظرے کا چیلنج دے دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کارکردگی کا کھلا مقابلہ ہونا چاہیے تاکہ عوام حقائق جان سکیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو سندھ میں 17 سال سے حکومت کا موقع ملا، لیکن وہ آج تک 17 فلاحی منصوبے بھی نہیں گنوا سکتے، جبکہ مریم نواز نے پنجاب میں صرف ڈیڑھ سال میں 90 منصوبے شروع کیے جن میں سے 50 مکمل ہو چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کی “اپنی چھت اپنا گھر” اسکیم کے تحت 90 ہزار گھر دیے جا چکے ہیں، جبکہ 80 ہزار سے زائد طلبہ کو اسکالرشپ فراہم کی گئی۔ ان کا دعویٰ تھا کہ کراچی کے شہری بھی لاہور کی سڑکوں، صفائی اور ترقی کی تعریف کرتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز سیلاب متاثرین کے لیے 10، 10 لاکھ روپے کے امدادی چیک دینے جا رہی ہیں، جو پنجاب حکومت کی عوامی فلاح سے وابستگی کا واضح ثبوت ہے۔

عظمیٰ بخاری نے شرمیلا فاروقی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا:

“میں مناظرے کے لیے تیار ہوں، آجائیں اور کارکردگی کا مقابلہ کریں۔ صرف بیانات سے کچھ ثابت نہیں ہوتا، عوام کو حقائق دیکھنے دیں۔”

دوسری جانب، شرمیلا فاروقی نے ایک گفتگو میں کہا کہ اگر ایک صوبے کا سربراہ “میرا پانی، میرا پیسہ” جیسے بیانات دے گا اور دھمکیاں دے گا، تو یہ افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) کی اہم اتحادی ہے، اور ذاتی حملوں کے بجائے بات عوامی فلاح پر ہونی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں 2022 کے سیلاب کے دوران متاثرین کی مدد کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے براہِ راست مالی امداد فراہم کی گئی، جبکہ پنجاب کے پاس ایسا کوئی مؤثر نظام نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی کسی ایک صوبے کا نہیں بلکہ پاکستان کے عوام کا ہے، اور اتحاد میں رہتے ہوئے عزت و احترام کے دائرے میں بات ہونی چاہیے۔

Related Posts