Welcome To Qalm-e-Sindh

ڈیفنس فیز 6 اتحاد کمرشل میں پیش آنے والے واقعے کی پیش رفت – متاثرہ خاندان انصاف کے لیے میدان میں آ گیا

ڈیفنس فیز 6 اتحاد کمرشل میں پیش آنے والے پرتشدد واقعے میں زخمی ہونے والے دھیرج اور کلپانہ نے اپنی فیملی کے ہمراہ ڈی آئی جی ساؤتھ سے ملاقات کی۔ متاثرہ خاندان رنچھوڑ لائن کا رہائشی ہے، جو واقعے کے بعد خوف اور دباؤ کے باعث خاموش تھا۔ تاہم سندھ پولیس کی جانب سے مکمل تحفظ کی یقین دہانی کے بعد متاثرین نے سامنے آنے کا فیصلہ کیا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ نے ملاقات کے دوران کہا کہ متاثرین کو کسی قسم کے خوف میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں۔ سندھ پولیس ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ پولیس حکام کے مطابق متاثرہ فیملی کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں اور کیس میں نمایاں پیش رفت ہو چکی ہے۔

اب تک پولیس کی کارروائیوں کے نتیجے میں مرکزی ملزم سمیت چار افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی بنیاد پر ایک مضبوط مقدمہ تیار کیا جا رہا ہے تاکہ ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جا سکے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ نے ملاقات کے اختتام پر متاثرہ خاندان کو سندھی ثقافت کی علامت اجرک اور ٹوپی کا تحفہ پیش کیا، جس پر متاثرین نے سندھ پولیس اور حکومت سندھ کی کوششوں کو سراہا اور دلی شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایات کے تحت صوبے بھر میں وکٹم سپورٹ یونٹس قائم کیے جا چکے ہیں، جن کا مقصد مظلوم شہریوں کی فوری داد رسی اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ خواتین کی عزت اور تحفظ سندھ کی تہذیب کا بنیادی جز ہے، اور ایسے واقعات میں ملوث افراد کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔

ساوتھ زون پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی ہر زاویے سے تفتیش جاری ہے اور کسی بھی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

Related Posts