حکومتِ پاکستان کے مطابق چین نے پاکستان کو جدید ترین ففتھ جنریشن J-35 اسٹیلتھ فائٹر جیٹس اور HQ-19 میزائل ڈیفنس سسٹم فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ یہ پیشکش وزیراعظم شہباز شریف کے دور حکومت میں حاصل کی جانے والی اہم سفارتی کامیابیوں کا حصہ ہے۔سرکاری اعلامیے کے مطابق، شہباز شریف کی زیرِ قیادت پاکستان نے عالمی سطح پر کئی اہم دفاعی، معاشی اور تکنیکی معاہدے کیے ہیں جن میں چین کی طرف سے 40 عدد J-35 اسٹیلتھ طیارے، KJ-500 اواکس سسٹمز اور جدید HQ-19 ڈیفنس سسٹم شامل ہیں۔حکومت کا کہنا ہے کہ چین نے پاکستان کو 3.7 ارب ڈالر کے قرض کی مؤخر ادائیگی کی بھی منظوری دی ہے۔ اس کے علاوہ، چینی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے کے تعاون سے 100,000 پاکستانیوں کو AI اور IT کے شعبے میں تربیت فراہم کرنے کا منصوبہ بھی طے پا گیا ہے۔
دوسری جانب، پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان 4.6 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدے ہوئے ہیں جن کے تحت آذربائیجان پاکستان سے 40 JF-17 تھنڈر طیارے خریدے گا، اور اس مقصد کے لیے 2 ارب ڈالر کی براہِ راست سرمایہ کاری بھی کی جائے گی۔مزید برآں، حکومتِ پاکستان نے بتایا کہ ایران کے ساتھ دوطرفہ تجارت کے حجم کو 3 ارب ڈالر سے بڑھا کر 10 ارب ڈالر تک لے جانے کے امکانات بھی روشن ہیں۔