سندھ کے مختلف شہروں میں 6 کینال نکالنے کے منصوبے کے خلاف شدید احتجاج جاری ہے۔ پڈعیدن، میہڑ، کنڈیارو، مورو اور جامشورو میں عوام نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی، جس کے دوران تمام تجارتی مراکز بند کر دیے گئے۔پڈعیدن میں ریشم گلی، اسپتال روڈ، شاہی بازار اور مین بازار سمیت تمام کاروباری مراکز بند رہے، جب کہ میہڑ میں بھی مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوئی۔ جامشورو میں جئے سندھ قومی محاذ کے مرکزی رہنماؤں کی اپیل پر سپر ہائی وے اور انڈس ہائی وے پر ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند کر دی گئی۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ منصوبے کے ذریعے دریائے سندھ سے نئی کینال نکالنے اور زمینوں کو کارپوریٹ کمپنیوں کے حوالے کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو کہ ان کے حقوق کے خلاف ہے۔ اس احتجاج کا مقصد حکومت کو اس فیصلے پر نظرثانی کرنے اور مقامی عوام کے مفادات کا تحفظ کرنے کی تنبیہ ہے۔