Welcome To Qalm-e-Sindh

پی ٹی آئی کی معاشی تباہی کے بعد، ہم نے پاکستان کو بحالی کی راہ دکھائی: احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے ملک کی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا تھا، لیکن موجودہ حکومت نے مشکل فیصلے کر کے ملک کو معاشی بحران سے نکال کر بحالی کی راہ دکھائی ہے۔احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومت نے ملک کو اقتصادی دیوالیہ پن کے دہانے پر پہنچا دیا تھا، مگر وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مشکل مگر ضروری فیصلے کیے گئے جن کی بدولت معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا، “جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو نہ صرف معاشی بحران تھا بلکہ شدید سیلاب نے بھی ملک کو متاثر کیا تھا۔ اس کے باوجود ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کیا گیا اور ترقیاتی منصوبوں کو جاری رکھا گیا تاکہ ملک کی معیشت کو مضبوط کیا جا سکے۔”وفاقی وزیر نے بتایا کہ 2022 کی آخری سہ ماہی میں ملک میں ترقیاتی بجٹ کے لیے فنڈز دستیاب نہیں تھے، لیکن موجودہ حکومت نے مالی استحکام کے لیے فوری اقدامات کیے ہیں۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں سے مہنگائی میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری اور عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ نفرت پھیلاتے ہیں وہ پاکستان کے نظریے کے خلاف ہیں اور اس نفرت انگیزی کو روکنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔احسن اقبال کے مطابق، موجودہ حکومت نے سیاسی نقصان اٹھا کر وہ فیصلے کیے جو ملک کے وسیع مفاد میں تھے اور اب پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے۔

Related Posts