Welcome To Qalm-e-Sindh

پی ٹی آئی نے بڑے احتجاج کی تیاریاں تیز کر دیں، سہیل آفریدی کے لیے خصوصی کنٹینر تیار

پاکستان تحریک انصاف نے بڑے احتجاج کی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق احتجاج کے سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے لیے ایک خصوصی کنٹینر بھی تیار کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 40 فٹ طویل اس کنٹینر میں واش روم اور بیٹھنے کے لیے باقاعدہ سیٹنگ ایریا بنایا گیا ہے، جبکہ کنٹینر پر نمایاں طور پر “آزادی یا موت” درج کیا گیا ہے۔ امکان ہے کہ ممکنہ احتجاج کے دوران اس کنٹینر کو مرکزی اسٹیج کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی احتجاجی حکمت عملی سے متعلق چند اہم پارٹی رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتیں بھی ہو چکی ہیں، جن میں احتجاج کے مقام، وقت اور لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے احتجاج کے حتمی اعلان اور تاریخ سے متعلق مشاورت کا عمل جاری ہے، جبکہ پارٹی کارکنان کو بھی ممکنہ احتجاج کے لیے تیار رہنے کی ہدایات دی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے لیے تیار کیے گئے کنٹینر کا معائنہ کرنے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔

رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک نے کہا ہے کہ پشاور میں تیار کیا گیا کنٹینر، جس پر “آزادی یا موت” تحریر ہے، کسی بھی وقت استعمال کے لیے تیار ہے۔ ان کے مطابق کنٹینر کی ڈرائیونگ سیٹ پر سہیل آفریدی بیٹھیں گے۔

اُدھر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پارٹی کے بانی عمران خان کا مؤقف ہے کہ آئندہ اسلام آباد کی جانب چڑھ دوڑنے جیسا کوئی حکم نہیں دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی کنٹینر کی تیاری یا اس کا رخ اسلام آباد کی جانب کرنے سے متعلق خبریں درست نہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو اختیار دیا ہے کہ وہ صورتحال کے مطابق مذاکرات یا مزاحمت سے متعلق جو بھی فیصلہ کریں، وہ اپوزیشن قائدین کی صوابدید پر ہوگا۔

Related Posts