پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے دریائے سندھ سے 6 نئی نہریں نکالنے کے مجوزہ منصوبے کے خلاف 18 اپریل کو بڑے احتجاجی جلسے کا اعلان کر دیا ہے۔ مٹیاری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ کے حصے کے پانی پر ڈاکا ڈالنا چاہتی ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ حیدرآباد، سکھر سمیت سندھ کے تمام ڈویژنز میں عوامی جلسے کیے جائیں گے تاکہ یہ پیغام دیا جائے کہ سندھ کے عوام اپنے پانی کے حق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کبھی کالا باغ ڈیم، تو کبھی نہریں نکالنے کے نام پر سندھ پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، جو کہ سندھ کے ساتھ ناانصافی ہے۔ پیپلز پارٹی اس معاملے پر خاموش نہیں بیٹھے گی اور عوامی طاقت سے وفاق کو اپنی پالیسی پر نظرثانی پر مجبور کرے گی۔