سیاسی منظرنامے میں بڑی پیشرفت! پاکستان پیپلزپارٹی نے بالآخر وفاقی حکومت میں وزارتیں لینے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے، اور امکان ہے کہ جولائی کے آغاز میں باقاعدہ طور پر حکومت کا حصہ بن جائے گی۔
باوثوق ذرائع کے مطابق، پیپلزپارٹی اور اتحادی جماعت کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں، جبکہ طاقتور حلقوں نے بھی واضح پیغام دیا ہے کہ “نظام کو چلانا ہے، اور یہی نظام چلے گا۔” حکومت کی تبدیلی کے تمام امکانات یکسر مسترد کرتے ہوئے یہ مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ملک کو سیاسی استحکام اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں بڑی جماعتوں کی قیادت کو ایک صفحے پر لا کر، سسٹم کو مضبوط بنانے پر اتفاق ہو چکا ہے، جبکہ دیگر سیاسی قوتوں کو بھی جلد اسی صف میں لانے کی کوششیں جاری ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ آئندہ ماہ وزارتوں کی تقسیم کا فارمولا طے کر لیا جائے گا، جس کے بعد پیپلزپارٹی عملی طور پر مرکزی حکومت کا حصہ بن جائے گی۔ مزید یہ کہ آئندہ مرحلے میں پیپلزپارٹی کو پنجاب حکومت میں بھی شامل کیے جانے پر بات چیت جاری ہے، اور بیک ڈور رابطے تیزی سے پیش رفت کر رہے ہیں۔ یہ پیش رفت نہ صرف وفاقی سیاسی توازن میں بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ہے، بلکہ اگلے چند ہفتوں میں ملکی سیاست ایک نئے موڑ میں داخل ہونے جا رہی ہے، جس کے اثرات پورے سیاسی منظرنامے پر گہرے ہوں گے۔














