وزارتِ پیٹرولیم نے پیٹرول پمپس پر چوری اور اسمگلنگ کے بڑھتے واقعات پر قابو پانے کے لیے بڑا اقدام اٹھا لیا ہے۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر کے فیول پمپس پر پیٹرول ڈالنے والی نوزلز کو اب ڈیجیٹل سسٹم سے لیس کیا جائے گا۔وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ پیٹرولیم فراہمی کے عمل کو شفاف بنانے، عوامی اعتماد بحال کرنے اور چوری کے مکمل خاتمے کے لیے شروع کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ:
“ڈیجیٹل نوزلز سے ہر فیول ٹرانزیکشن خودکار طریقے سے ریکارڈ ہوگی، جس سے پیٹرول پمپس پر ہونے والی چوری اور ہیرا پھیری کا دروازہ بند ہو جائے گا۔”علی پرویز ملک نے مزید بتایا کہ پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی (PDL) میں اضافہ کیا گیا ہے، تاہم فی الحال اس کا براہِ راست اثر پیٹرول کی قیمت پر نہیں پڑے گا۔
انہوں نے گھریلو گیس کنکشنز کے حوالے سے بتایا کہ:
“ملک میں مقامی گیس کی قلت ہے، اس لیے نئے گھریلو کنکشن صرف امپورٹڈ گیس پر دیے جا سکتے ہیں۔”مزید یہ کہ امریکا سے پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد بڑھانے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔