Welcome To Qalm-e-Sindh

پولیس پر 9 مئی سے متعلق دباؤ ڈالا جا رہا ہے، پولیس کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پولیس پر 9 مئی کے واقعات سے متعلق دباؤ ڈالا جا رہا ہے، تاہم انہیں فخر ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس کسی بھی دباؤ میں آئے بغیر اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو عناصر پولیس پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ باز آ جائیں اور پولیس کو سیاست میں نہ گھسیٹیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا پولیس کو ہر قسم کی سیاسی مداخلت سے دور رکھا گیا ہے اور پولیس کے امور میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت نہیں کی جا رہی۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف بھرپور انداز میں کھڑی ہے، تاہم بند کمروں میں کیے گئے فیصلوں کے باعث ماضی میں شدید نقصانات اٹھانا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ غلط پالیسیوں کی وجہ سے صوبے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو پا رہا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس گزشتہ 22 برسوں سے قربانیاں دے رہی ہے اور آج بھی امن کے لیے فرنٹ لائن پر کھڑی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی بے توقیری کی گئی، حالانکہ پولیس جو کچھ کر رہی ہے وہ خلوصِ نیت سے کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اپنی پولیس پر فخر ہے، پولیس نے جو وسائل مانگے، حکومت نے انکار نہیں کیا۔ وزیراعلیٰ کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور اسپیشل برانچ صوبے کی آنکھ اور کان ہیں، جنہیں جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔

سہیل آفریدی نے یہ بھی بتایا کہ ضم شدہ اضلاع سمیت پورے خیبر پختونخوا میں سیف سٹی منصوبے کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس سے صوبے میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہوگی۔

Related Posts