Welcome To Qalm-e-Sindh

پنجاب کسی ایک جماعت کی جاگیر نہیں، یہ تاثر ختم کرنا ہوگا: شرجیل میمن

سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ یہ تاثر اب ختم ہونا چاہیے کہ پنجاب کسی ایک سیاسی جماعت کی جاگیر ہے۔ انہوں نے ن لیگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) خود کو پنجاب کے عوامی مینڈیٹ کی نمائندہ سمجھتی ہے تو بلدیاتی انتخابات سے گریز کیوں کر رہی ہے؟

شرجیل میمن نے کہا کہ پنجاب میں اختیارات کا ارتکاز جمہوریت کی روح کے خلاف ہے، اور بلدیاتی اداروں کا فعال نہ ہونا عوام کے آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کی بات کی ہے اور جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا رویہ متکبرانہ ہے، جو دیگر جماعتوں کے سیاسی حقوق کو تسلیم نہیں کر رہی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر پیپلز پارٹی بلدیاتی اداروں کی بات کرے تو کیا یہ جرم ہے؟وزیر اطلاعات سندھ نے مطالبہ کیا کہ پنجاب میں بلدیاتی نظام فوری طور پر بحال کیا جائے اور عوام کو ان کے مقامی مسائل کے حل کے لیے بااختیار نمائندے دیے جائیں۔

Related Posts