Welcome To Qalm-e-Sindh

پنجاب میں مون سون بارشوں کے 11ویں اسپیل کا الرٹ جاری

پنجاب میں مون سون بارشوں کے 11ویں اسپیل کے تحت 16 سے 19 ستمبر کے دوران دریاؤں کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

متعلقہ حکام کے مطابق، حالیہ سیلابی صورتِ حال کے باعث صوبے کے 4700 سے زائد دیہات متاثر ہو چکے ہیں۔ دریائے چناب میں آنے والے سیلاب کے باعث 2475 دیہات جبکہ دریائے راوی میں 1458 دیہات متاثر ہوئے ہیں۔

ڈیموں کی موجودہ صورتحال کے مطابق، تربیلا ڈیم اپنی مکمل گنجائش تک بھر چکا ہے جبکہ منگلا ڈیم 93 فیصد تک بھر چکا ہے۔ اس کے علاوہ بھارت میں دریائے ستلج پر قائم بھاکڑا ڈیم 88 فیصد، پونگ ڈیم 94 فیصد اور تھین ڈیم 88 فیصد بھر چکے ہیں، جو ممکنہ طور پر پانی کے بہاؤ میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔

حالیہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں صوبے بھر میں مجموعی طور پر 45 لاکھ 74 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں، جبکہ مختلف حادثات میں اب تک 104 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

محکمہ موسمیات اور دیگر متعلقہ اداروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ممکنہ خطرات سے بچنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

Related Posts