Welcome To Qalm-e-Sindh

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دسمبر میں ہوں گے : الیکشن کمیشن کا اعلان

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق محفوظ شدہ فیصلہ جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات دسمبر 2025 کے آخری ہفتے میں کروائے جائیں گے۔

فیصلے کے مطابق انتخابات 2022 کے نافذ شدہ بلدیاتی قانون کے تحت منعقد کیے جائیں گے، جبکہ پنجاب میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کا عمل فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

یہ فیصلہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور الیکشن کمیشن کے ارکان نثار درانی، شاہ محمد جتوئی اور بابر حسن بھروانہ نے مشترکہ طور پر جاری کیا۔

سماعت کے دوران کمیشن کو بتایا گیا کہ پنجاب میں بلدیاتی قوانین میں اب تک پانچ مرتبہ ترامیم کی جا چکی ہیں، اور ایک چھٹی ترمیم بھی زیر غور ہے۔ تاہم، موجودہ الیکشن ایکٹ 2022 کے تحت انتخابات کے انعقاد میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے مسلسل التوا سے یہ معاملہ شرمندگی کا باعث بنتا جا رہا ہے، جب کہ دیگر تمام صوبوں اور کنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابات منعقد ہو چکے ہیں۔ ان کے مطابق اب مزید تاخیر کی گنجائش نہیں، اس لیے فیصلہ فوری جاری کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل جماعت اسلامی کی جانب سے دائر درخواست پر عدالت عالیہ نے بلدیاتی انتخابات نہ کروانے پر ایڈووکیٹ جنرل اور چیف سیکرٹری پنجاب کو طلب کیا تھا۔ عدالت نے بھی اس عمل میں غیر ضروری تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کو پہلے بھی متعدد بار بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے ضروری قانونی اقدامات کرنے کی ہدایت کی تھی، اور اب باضابطہ اعلان کے بعد عملی مراحل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

Related Posts