پنجاب حکومت نے اعلان کیا ہے کہ لاہور میں فروری 2026 سے ٹرام سروس کا آغاز کیا جائے گا۔ وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر نے بتایا کہ ٹرام کا ٹیسٹ کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے اور ٹھوکر سے ہربنس پورہ تک ٹرام سروس متوقع ہے۔ اس ٹرام میں 270 نشستوں کی گنجائش ہوگی جبکہ منصوبے کی مجموعی لاگت 30 لاکھ ڈالر ہے۔ اس منصوبے کے حوالے سے پنجاب نیسپاک اور پی ایم اے کے افسران نے چین کا دورہ بھی کیا ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بھی میٹرو ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فیصل آباد میٹرو ٹرین روزانہ تقریباً 3 لاکھ مسافروں کو سہولت فراہم کرے گی جبکہ گوجرانوالہ میٹرو ٹرین کا روزانہ ہدف 1 لاکھ 40 ہزار مسافروں کی خدمت ہے۔ فیصل آباد میٹرو منصوبے کی لاگت 110 ملین ڈالر اور گوجرانوالہ میٹرو منصوبے کی لاگت 50 ملین ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ بلال اکبر نے کہا کہ لاہور میں موٹرسائیکل اور گاڑیوں کی زیادتی سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے ٹرام اور میٹرو منصوبے ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کی کوشش ہیں۔














