Welcome To Qalm-e-Sindh

پاکپتن میں سیلابی صورتحال، 80 کلومیٹر طویل پٹی میں ہزاروں ایکڑ فصلیں زیر آب

ضلع پاکپتن میں دریائے ستلج میں آنے والے سیلاب کے باعث 80 کلومیٹر طویل علاقے میں ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی زیر آب آ چکی ہے، جس سے کسانوں کو شدید نقصان کا سامنا ہے۔

ذرائع آبپاشی کے مطابق دریائے ستلج میں زمینی کٹاؤ کے باعث قریبی دیہات اور بستیوں کو تباہی کے خطرات لاحق ہیں۔

ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر دریائے ستلج میں اس وقت درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جہاں سے ایک لاکھ کیوسک پانی کا ریلا زیریں علاقوں کی طرف بہہ رہا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ہیڈ گنڈا سنگھ والا سے ڈھائی لاکھ کیوسک پانی کا ریلا نشیبی علاقوں کی طرف بڑھے گا، جس سے خطرناک صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

ضلعی پولیس حکام کے مطابق سیلاب متاثرہ علاقوں سے لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کا عمل جاری ہے۔ دریا کنارے آباد بستیوں کے مکینوں کو ریسکیو کیا جا رہا ہے تاکہ کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹے پاکپتن کی دریائی پٹی کے لیے نہایت اہم ہیں اور سیلابی صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے، جس کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔

Related Posts