پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بین الاقوامی سطح پر مارکیٹنگ اور آئندہ 10 سال کے لیے جامع بزنس پلان تیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد گوادر ایئرپورٹ کو ایک عالمی فضائی ہب کے طور پر ابھارنا اور اس کی اسٹریٹیجک اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس منصوبے میں جدید انفراسٹرکچر کی بہتری، بین الاقوامی ایئرلائنز کے ساتھ شراکت داری، کارگو ہب کی ترقی، اور سیاحتی مواقع کی فراہمی شامل ہے۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا ماننا ہے کہ گوادر ایئرپورٹ نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کی معیشت میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔یہ منصوبہ گوادر کے ساحلی علاقے کی اقتصادی ترقی کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہو گا اور اسے ایشیا، مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے درمیان اہم فضائی رابطے کا مرکز بنانے میں مدد دے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ بزنس پلان کی تکمیل کے بعد عالمی سرمایہ کاروں اور ایئرلائنز کو فعال طور پر گوادر میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے گی۔تجزیہ کاروں کے مطابق، نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی ترقی پاکستان کی اقتصادی اور جغرافیائی حکمت عملی میں ایک اہم پیش رفت ہے جو خطے میں تجارتی روابط کو مضبوط کرے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔