پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر امریکا کے اہم سیاسی و سرکاری رہنماؤں کی جانب سے پاکستانی قوم کے لیے تہنیتی پیغامات کا سلسلہ جاری رہا۔ پیغامات میں دوطرفہ تعلقات، عوامی روابط، تجارت، اور سلامتی جیسے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستانی عوام کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کے انسدادِ دہشت گردی، تجارت اور باہمی تعاون کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا معدنیات، ہائیڈروکاربن اور دیگر نئے شعبوں میں اقتصادی اشتراک کا خواہاں ہے، جبکہ کاروباری روابط دونوں اقوام کے لیے خوشحال مستقبل کی بنیاد بن سکتے ہیں۔
سینیٹر کرس وان ہولن نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا پاکستان سے ذاتی تعلق ہے کیونکہ وہ کراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے پاکستانی عوام کی سخاوت، عزم اور اخلاقی اقدار کو سراہا۔
رکنِ کانگریس مائیک کیئری نے پاکستانی قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن پاکستانی عوام کے لیے اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے عوامی روابط کو سراہا۔
کانگریس مین ٹام سوازی نے پاک-امریکہ تعلقات کو قابلِ فخر قرار دیا اور بطور پاکستان کاکس کے شریک چیئرمین، دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔
کانگریس مین بریڈ شرمن نے بھی پاکستانی عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ اپنی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور امن، خوشحالی اور تعاون کے جذبے کو آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔
پاکستانی نژاد امریکی رہنماؤں نے بھی یومِ آزادی کے موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
پنسلوانیا کے رکن اسمبلی طارق خان نے پاکستانی ورثے پر فخر کا اظہار کیا، جبکہ
نیو جرسی کی پہلی مسلمان اور پاکستانی نژاد رکن شمع حیدر نے کہا کہ آزادی کا دن قربانی، اتحاد اور ترقی کی علامت ہے۔ انہوں نے اپنے ورثے کی قدر کرنے اور قوم کے لیے اجتماعی ترقی پر زور دیا۔ رکن کانگریس ایویٹی کلارک نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات قابلِ فخر ہیں، اور وہ پاکستانی امریکیوں کی خدمات کو سراہتی ہیں جو امریکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
ٹیکساس سے کانگریس مین پیٹ سیشنز نے پاکستانیوں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
نکول مالیو ٹاکس نے اپنی انتخابی حلقے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے پاک-امریکہ شراکت داری کو اہم قرار دیا۔ رکن کانگریس زو لوفگرن نے کہا کہ وہ سیلیکون ویلی میں مقیم پاکستانی امریکی کمیونٹی کے مثبت کردار سے بخوبی واقف ہیں، اور انہوں نے تارکینِ وطن کی خدمات کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔














