اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر بلاجواز جارحیت کے دوران اللہ تعالیٰ کی خاص عنایت سے شاندار فتح حاصل ہونے کا اعلان کیا ہے۔ بجٹ 2025 کی منظوری کے بعد سینیٹ و قومی اسمبلی کے ارکان سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ عوام دوست بجٹ معاشی ٹیم کی محنت اور اتحادی جماعتوں کے قیمتی تعاون کا نتیجہ ہے۔
وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مشاورت سے عوامی بجٹ تشکیل پایا اور ان کی حمایت سے بجٹ کی منظوری ممکن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ سب کو متحد ہو کر پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے دن رات محنت کرنا ہوگی، اور یہ مثالی اتحاد ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، سیاسی قیادت، عوام اور میڈیا نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے، جس کی بدولت پاکستان کا وقار عالمی سطح پر بلند ہوا ہے۔ انہوں نے بلاول بھٹو کی قیادت میں سفارتی وفد کی تعریف کی جس نے عالمی فورمز پر پاکستان کا موقف مؤثر انداز میں پیش کیا اور بھارت کے عزائم بے نقاب کیے۔ وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے سفارتی اور فوجی کامیابیوں پر حکومت اور مسلح افواج کو بھرپور سپورٹ دی۔ علاوہ ازیں، انہوں نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کے دوران پاکستان کی جانب سے ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کو بھی سراہا۔














