Welcome To Qalm-e-Sindh

پاکستان نے امریکا سے تعلقات میں چینی مفادات کے تحفظ کی یقین دہانی کرائی ہے: ترجمان چین

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان ہر موسم کے اسٹریٹیجک شراکت دار ہیں اور ان کے درمیان آہنی دوستی وقت کی کڑی آزمائشوں میں پوری اتری ہے۔ دونوں ممالک نے باہمی مفادات سے متعلق اہم امور پر اعلیٰ سطح کا اسٹریٹیجک اعتماد اور قریبی رابطہ برقرار رکھا ہوا ہے۔

ترجمان نے ان خبروں کی تردید کی جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان نے امریکا کو قیمتی معدنیات کے نمونے فراہم کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان مائننگ تعاون سے متعلق معاملات پر چین اور پاکستان کے درمیان رابطہ موجود ہے، اور پاکستان نے یقین دلایا ہے کہ امریکا سے اس کے تعلقات چین کے مفادات یا دو طرفہ تعاون کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچائیں گے۔

بیان کے مطابق پاکستانی قیادت کی جانب سے امریکی حکام کو جو نمونے دکھائے گئے، وہ مقامی طور پر خریدے گئے قیمتی پتھروں کے تھے۔ اس حوالے سے سامنے آنے والی خبریں یا تو غلط فہمی پر مبنی ہیں یا دانستہ طور پر پھیلائی گئیں، جن کا مقصد چین اور پاکستان کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنا ہو سکتا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ چین کی جانب سے حالیہ ریئر ارتھ ایکسپورٹ کنٹرول کے اقدامات کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان کے مطابق چینی حکومت کی جانب سے برآمدات پر کنٹرول کے نظام کو قوانین اور ضوابط کے تحت بہتر بنایا جا رہا ہے، جس کا مقصد عالمی امن، علاقائی استحکام اور عدم پھیلاؤ جیسے بین الاقوامی تقاضوں کو مؤثر انداز میں پورا کرنا ہے۔

Related Posts