Welcome To Qalm-e-Sindh

پاکستان میں مہنگائی مزید بڑھنے کا امکان : آئی ایم ایف کا انتباہ

اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان میں آئندہ مہینوں کے دوران مہنگائی میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے گزشتہ دو سال کی معاشی کارکردگی اور موجودہ مالی سال کی معاشی پیش گوئیاں جاری کر دی ہیں۔

آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان میں مہنگائی کی شرح 4.5 فیصد سے بڑھ کر 6.3 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ جون 2026 تک مہنگائی کی شرح 8.9 فیصد تک جا سکتی ہے۔ ادارے کے مطابق جون 2025 میں مہنگائی کی شرح 3.2 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔

آئی ایم ایف نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ معاشی ترقی کی شرح رواں مالی سال 3.2 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ پاکستان میں بیروزگاری 8 فیصد سے کم ہو کر 7.5 فیصد ہو سکتی ہے۔ مالی سال 2026 میں معیشت میں ٹیکسوں کا مجموعی حصہ 16.3 فیصد تک بڑھنے کی توقع ہے، جو 2025 میں 15.9 فیصد تھا۔

ادارے کا مزید کہنا ہے کہ مالی سال 2026 میں مالیاتی خسارہ کم ہو کر 4 فیصد تک آ سکتا ہے، جبکہ مالی سال 2025 میں یہ 5.4 فیصد تھا۔ قرضوں کا بوجھ 2026 میں معیشت کے 69.6 فیصد تک پہنچنے کا خدشہ ہے، جو مالی سال 2025 میں 70.6 فیصد تھا۔

آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق غیر ملکی قرضے مالی سال 2026 میں معیشت کے 22.5 فیصد کے برابر رہ سکتے ہیں، جو مالی سال 2025 میں بھی اسی سطح پر تھے۔ سرمایہ کاری کی شرح 2026 میں معیشت کے 0.5 فیصد تک گر سکتی ہے، جبکہ 2025 میں یہ 0.6 فیصد تھی۔

مزید برآں، مالی سال 2026 میں پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 17.8 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے، جو 2025 میں 14.5 ارب ڈالر تھے۔

Related Posts