پاکستان اور قازقستان کے درمیان پیٹرولیم، کان کنی، ریلوے، میری ٹائم، کسٹمز، ٹرانزٹ ٹریڈ، پلانٹ پروٹیکشن و ویٹرنری، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ترقی سمیت متعدد شعبوں میں تعاون پر اتفاق ہو گیا ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کی تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں کا باضابطہ تبادلہ کیا گیا۔
تقریب میں کان کنی اور پیٹرولیم، میری ٹائم، کسٹمز، ریلوے، ٹرانزٹ ٹریڈ، پلانٹ پروٹیکشن اور ویٹرنری، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ترقی کے شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں کے علاوہ اقوام متحدہ کے امن مشنز اور قیدیوں کے تبادلے سے متعلق معاہدے کی دستاویزات کا بھی تبادلہ کیا گیا۔
اس سے قبل قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان مصافحہ ہوا اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ کیا گیا۔
تقریب کے آغاز پر پاکستان اور قازقستان کے قومی ترانے بجائے گئے، جبکہ چاق و چوبند دستے نے صدر قاسم جومارت توکایووف کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں قازقستان کے صدر نے اپنے وفد کا وزیراعظم شہباز شریف سے تعارف کروایا۔
یاد رہے کہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف وفد کے ہمراہ دو روزہ سرکاری دورے پر گزشتہ روز پاکستان پہنچے تھے۔














