Welcome To Qalm-e-Sindh

پاکستان اور بھارت کتنی بار فائنلز میں ٹکرائے اور کس کا پلڑا بھاری رہا؟

ایشیا کپ کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان اور بھارت 28 ستمبر کو فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔ یہ مقابلہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں متحدہ عرب امارات میں کھیلا جا رہا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کا اب تک دو بار آمنا سامنا ہو چکا ہے، اور دونوں مرتبہ بھارت فاتح رہا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے مجموعی ریکارڈ پر نظر ڈالیں تو 2007 سے اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان 15 میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں سے بھارت نے 12 جیتے، جبکہ پاکستان صرف 3 میچز میں کامیاب رہا ہے۔ اسی بنیاد پر ماہرین کرکٹ بھارت کو اس فائنل کا فیورٹ قرار دے رہے ہیں۔

تاہم تاریخی اعداد و شمار یہ ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان کو کثیر ملکی ٹورنامنٹس کے فائنلز میں بھارت پر برتری حاصل رہی ہے۔ 1985 سے اب تک مختلف فارمیٹس کے پانچ بڑے فائنلز میں دونوں روایتی حریف ایک دوسرے کے مدمقابل آ چکے ہیں، جن میں سے تین میں پاکستان نے فتح حاصل کی، جب کہ دو میں بھارت کامیاب ہوا۔

پہلا مقابلہ 1985 میں آسٹریلیا میں منعقدہ ورلڈ چیمپئن شپ کا فائنل تھا، جس میں بھارت نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ اگلے ہی سال 1986 میں شارجہ میں آسٹریلیشیا کپ کے فائنل میں جاوید میانداد کے تاریخی چھکے کی بدولت پاکستان نے بھارت کو ایک وکٹ سے شکست دی۔ 1994 میں ایک بار پھر شارجہ میں دونوں ٹیموں کا آمنا سامنا ہوا، جہاں پاکستان نے بھارت کو 39 رنز سے ہرایا۔

2007 میں جوہانسبرگ میں پہلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 5 رنز سے شکست دی۔ دونوں ٹیموں کا آخری مقابلہ کسی بڑے فائنل میں 2017 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوران ہوا، جہاں پاکستان نے بھارت کو 180 رنز سے بھاری شکست دی۔

اس کے علاوہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پانچ سہ ملکی سیریز کے فائنلز بھی کھیلے جا چکے ہیں، جن میں سے تین میں پاکستان اور دو میں بھارت کو کامیابی حاصل ہوئی۔

مجموعی طور پر اگر تمام کثیر ملکی ٹورنامنٹس اور سہ ملکی فائنلز کو شامل کیا جائے، تو پاکستان نے 10 میں سے 6 فائنلز جیتے، جب کہ بھارت نے 4 میں کامیابی حاصل کی۔ یوں تاریخی تناظر میں فائنلز کے حوالے سے پاکستان کو بھارت پر برتری حاصل ہے، اگرچہ حالیہ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں بھارت کا ریکارڈ بہتر رہا ہے۔

Related Posts