پاکستانی عازمین حج کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ سعودی عرب نے پاکستان کے حج کوٹے میں اہم اضافہ کر دیا ہے، جس کے تحت 10 ہزارمزید پاکستانی اس سال حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ کے درمیان ہونے والے رابطے کے بعد کیا گیا۔وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ پاکستان نے سعودی حکام سے خصوصی درخواست کی تھی کہ ان شہریوں کو بھی موقع دیا جائے جو مقررہ مدت میں رجسٹریشن نہ کر سکے تھے۔سعودی حکومت نے اس درخواست پر مثبت ردعمل دیتے ہوئے پاکستان کے لیے حج کوٹے میں اضافہ منظور کر لیا ہے۔وزارت اطلاعات کے حکام کے مطابق، اس فیصلے کے بعد مزید ہزاروں پاکستانی شہری اس سال حج 2025 میں شامل ہو سکیں گے۔ یہ اقدام ان لوگوں کے لیے ایک سنہری موقع ہے جو دل میں حرمِ پاک جانے کی آرزو رکھتے تھے لیکن وقت پر رجسٹریشن سے محروم رہ گئے تھے۔واضح رہے کہ ملک بھر میں حج آپریشن 2025 کا باقاعدہ آغاز 29 اپریل سے کیا جا رہا ہے، جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔یہ فیصلہ نہ صرف حکومتِ پاکستان کی سفارتی کوششوں کی کامیابی ہے بلکہ سعودی عرب اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات کی ایک اور مضبوط مثال بھی ہے۔