سوشل میڈیا پر پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے حوالے سے ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اداکارہ برازیل میں اسکائی ڈائیونگ کے دوران حادثے کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئی ہیں۔ تاہم تحقیقات کے بعد یہ دعویٰ جھوٹا اور بے بنیاد ثابت ہوا ہے۔
مذکورہ ویڈیو میں ایک خاتون کو اسکائی ڈائیونگ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جس کے متعلق ایک بھارتی صارف نے انسٹاگرام پر یہ دعویٰ کیا کہ وہ پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر ہیں اور وہ اسکائی ڈائیو کے دوران بیلٹ ٹوٹنے سے نیچے گر کر ہلاک ہو گئیں۔ ویڈیو کو اب تک سوشل میڈیا پر 74 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے، جبکہ ہزاروں صارفین نے اسے مختلف پلیٹ فارمز پر شیئر بھی کیا ہے۔
تاہم جیو فیکٹ چیک کی تحقیق کے مطابق یہ ویڈیو پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی نہیں ہے بلکہ دراصل یہ ویڈیو برازیلین-اطالوی ایتھلیٹ اور اسٹنٹ پرفارمر لوئیزا فیراری کی ہے، جنہوں نے یہ ویڈیو 21 اپریل کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپ لوڈ کی تھی۔ ویڈیو میں کوئی حادثہ پیش نہیں آیا بلکہ یہ ایک کنٹرولڈ اسٹنٹ تھا جسے سیاق و سباق سے ہٹ کر گمراہ کن انداز میں پیش کیا گیا۔دوسری جانب ہانیہ عامر کی پی آر ٹیم نے ان تمام افواہوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ اداکارہ مکمل طور پر خیریت سے ہیں اور معمول کے مطابق اپنے پیشہ ورانہ مصروفیات میں مشغول ہیں۔واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کا رجحان تیزی سے بڑھتا جا رہا ہے، جس کے باعث مشہور شخصیات کو کئی بار وضاحتیں دینا پڑتی ہیں۔
فیصلہ:
اسکائی ڈائیونگ کی وائرل ویڈیو میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی موت کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔ ویڈیو میں دراصل برازیلین ایتھلیٹ لوئیزا فیراری کو اسٹنٹ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے