وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے پانی کے بحران کو سیاست سے بالاتر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اس اہم قومی مسئلے پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، کیونکہ اس کا نقصان پورے ملک کو ہوگا۔ نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی صوبہ دوسرے صوبے کے پانی پر قبضہ نہیں کر سکتا، اس لیے اس معاملے کو انجینئرز اور ماہرین کے سپرد کیا جائے نہ کہ سیاسی مفادات کی بھینٹ چڑھایا جائے۔ احسن اقبال نے خبردار کیا کہ اگر جذبات کو ہوا دی گئی تو واٹر سیکیورٹی جیسے حساس مسئلے پر ملک کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اور یہ صرف ایک صوبے کا نہیں، سب کا مشترکہ نقصان ہوگا۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ اس سال بارشوں میں 40 فیصد کمی ہوئی ہے، جبکہ آئندہ برسوں میں شدید سیلاب اور خشک سالی کے خطرات موجود ہیں۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ پاکستان اس وقت فوڈ سیکیورٹی اور واٹر سیکیورٹی جیسے دو بڑے چیلنجز کی لپیٹ میں ہے، جن سے نمٹنے کے لیے قومی یکجہتی، تدبر اور سنجیدہ منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔