کراچی: چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کا پانی روکنے کی کسی بھی کوشش کو “ایکٹ آف وار” تصور کیا جائے گا اور ایسی صورت میں ملٹری آپشن بھی کھلا رہے گا۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ پاکستان اپنے پانی کے حق کا ہر سطح پر دفاع کرے گا، اور کسی کو بھی یہ اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ پاکستان کی سالمیت اور زرعی بقا کو خطرے میں ڈالے۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی کا کہنا تھا کہ بھارت کے پاس فی الوقت دریائے چناب اور دریائے سندھ پر پانی روکنے کی محدود صلاحیت ہے، تاہم اگر بھارت نے اس جانب کوئی عملی قدم اٹھایا تو پاکستان کے پاس اس کا جواب دینے کے تمام آپشن موجود ہیں، جن میں عسکری راستہ بھی شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو پانی روکنے کے لیے وقت، وسائل اور تکنیکی مہارت درکار ہے، اور پاکستان ہر سطح پر بھارت کی ان کوششوں کا مقابلہ کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر بھی اس موقف کو اجاگر کیا ہے کہ پانی روکنا ایک جارحانہ اقدام ہے جسے جنگی کارروائی کے مترادف سمجھا جائے گا۔
چیئرمین واپڈا نے کہا کہ بھارت کے اس رویے اور ارادے کو شکست دینا وقت کی ضرورت ہے، کیونکہ پانی کا تحفظ نہ صرف قومی سلامتی کا معاملہ ہے بلکہ کروڑوں پاکستانیوں کے معاشی مستقبل سے جڑا ہوا مسئلہ بھی ہے۔