اے ٹی ایف ساؤتھ ایشین انڈر-12 ٹینس چیمپئن شپ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو زبردست انداز میں شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ قومی کھلاڑیوں نے نہ صرف حریفوں کو دباؤ میں رکھا بلکہ شاندار کھیل سے مکمل طور پر آؤٹ کلاس کر دیا۔پاکستان کے شایان آفریدی اور راشد علی نے بھارتی کھلاڑیوں کے خلاف یکطرفہ مقابلے میں کامیابی حاصل کی۔راشد علی نے تھانوش شیکھر کو 6-2، 6-3 سے شکست دی، جب کہ شایان آفریدی نے کھتری نایان کو صرف چند گیمز میں 6-0، 6-1 سے دھول چٹائی۔اس سے قبل گروپ میچز میں بھی پاکستان ناقابلِ شکست رہا اور مالدیپ، بنگلادیش، نیپال جیسے حریفوں کو با آسانی شکست دی۔اب فائنل میں پاکستان کا سامنا میزبان سری لنکا سے ہوگا، اور شائقین کو ایک اور تاریخی جیت کی امید ہے۔