Welcome To Qalm-e-Sindh

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سندھ بھر میں سخت کریک ڈاؤن، سینکڑوں گاڑیوں کی رجسٹریشن معطل

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر صوبے بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس سلسلے میں 4 تا 14 اپریل 2025 تک کی پیش رفت رپورٹ ٹریفک پولیس نے وزیراعلیٰ کو پیش کر دی ہے۔رپورٹ کے مطابق، دورانِ کریک ڈاؤن 7860 موٹرسائیکلیں ہیلمٹ نہ پہننے اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ضبط کی گئیں، جب کہ 596 گاڑیوں کے خلاف فینسی نمبر پلیٹس اور کالے شیشے لگانے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اسی طرح 193 ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکلز (ڈمپرز اور ٹینکرز) کو فٹنس مسائل اور حدِ رفتار سے تجاوز پر چالان کیا گیا۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ 25 بڑی و چھوٹی گاڑیوں کی رجسٹریشن مکمل طور پر منسوخ اور 144 گاڑیوں کی رجسٹریشن عارضی طور پر معطل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ہدایت دی ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ٹریفک قوانین کا نفاذ سختی سے یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلمٹ کے بغیر موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، جبکہ فینسی نمبر پلیٹس اور کالے شیشے استعمال کرنے والوں کا فوری چالان کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے مزید تاکید کی کہ کمرشل ہیوی گاڑیوں کی رفتار شہری علاقوں میں 30 کلومیٹر فی گھنٹہ تک محدود رکھی جائے، اور ان فٹ و غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ ان کے مطابق، یہ تمام اقدامات عوامی تحفظ اور سڑکوں پر نظم و ضبط قائم کرنے کے لیے ناگزیر ہیں، اور قوانین پر عملدرآمد ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا۔

Related Posts