واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی طرف سے مذاکرات کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب بات چیت کے لیے وقت گزر چکا ہے۔ وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو مذاکرات کا موقع پہلے دینا چاہیے تھا، نہ کہ اب جب دونوں طرف سے تباہی اور ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے چند ہفتے پہلے مذاکرات کی پیشکش کیوں نہیں کی، آج صورتحال مکمل مختلف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران نے وائٹ ہاؤس آکر بات کرنا چاہا مگر انہیں واضح کر دیا گیا کہ اب اس کا وقت نہیں رہا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران حملوں سے پریشان ہے اور اب وہ مذاکرات کا خواہاں ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ اس نے اتنی تباہی کے بعد بات چیت کیوں شروع کی؟ انہوں نے کہا کہ امریکہ ایران کو 60 دن کا موقع دے چکا ہے اور اب ایران کی دفاعی صلاحیت بھی تقریباً ختم ہو چکی ہے۔
ٹرمپ نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے بارے میں سوال پر مختصر اور معنی خیز جواب دیا: “گڈ لک”۔ انہوں نے آئندہ ہفتے کو خطے کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ممکن ہے اس سے پہلے بڑی کارروائی بھی عمل میں آئے۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کرے گا یا نہیں، ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے، تاہم واشنگٹن کسی بھی آپشن کے لیے تیار ہے۔














