بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار ٹائیگر شروف کو قتل کرنے کی سازش کی جھوٹی خبر دینے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق 35 سالہ منیش کمار سوجیندر سنگھ نامی ملزم نے ممبئی پولیس کے کنٹرول روم میں کال کر کے دعویٰ کیا تھا کہ ایک سیکیورٹی کمپنی کے افراد ٹائیگر شروف کو قتل کرنے کے لیے نکلے ہیں۔ اس نے یہ بھی بتایا کہ اس مقصد کے لیے اسلحہ اور 2 لاکھ روپے کی رقم بھی فراہم کی گئی تھی۔کال موصول ہونے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی ادارے فوراً حرکت میں آ گئے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ تاہم ابتدائی تفتیش کے دوران یہ اطلاع جھوٹی ثابت ہوئی۔
پولیس نے مزید تحقیقات کے بعد ملزم منیش کمار کو پنجاب کے شہر کپورتھلا سے گرفتار کر لیا۔ دورانِ تفتیش منیش کمار نے اعتراف کیا کہ وہ ممبئی میں ایک سیکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کرتا تھا اور کمپنی کی جانب سے تنخواہ نہ ملنے پر اس نے انتقامی کارروائی کے طور پر یہ جھوٹی اطلاع دی تھی۔پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔