وفاقی حکومت نے مالی سال 2025-26 کے وفاقی بجٹ میں کراچی کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبوں میں خطیر فنڈز مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جن کا مقصد شہر کی انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بہتری لانا ہے۔
ذرائع کے مطابق، بجٹ تجاویز میں کراچی کے درج ذیل منصوبوں کے لیے رقم مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے:
- گرین لائن منصوبے کیلئے 50 کروڑ روپے
- آپریشنل بی آر ٹی گرین لائن کے لیے 18 کروڑ 50 لاکھ روپے
- کراچی آئی ٹی پارک کیلئے 4 ارب روپے
- سڑکوں، گلیوں، نکاسی آب اور پانی کی فراہمی کے منصوبوں کیلئے بھی فنڈز مختص کیے جانے کی تجویز زیر غور ہے
وفاقی وزارتِ منصوبہ بندی کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات کراچی کے شہریوں کی سہولت، معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور روزگار کے مواقع بڑھانے کی غرض سے کیے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ وفاقی بجٹ برائے 2025-26 کو پیش کرنے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس 10 جون کو شام 5 بجے طلب کیا گیا ہے جبکہ سینیٹ کا اجلاس اسی روز رات 9 بجے ہوگا۔
تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ اگر ان منصوبوں پر بروقت عملدرآمد ہوا تو کراچی کی شہری زندگی میں واضح بہتری متوقع ہے۔