وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ اور گورنر کو افغانستان کے ساتھ خود مختار طور پر معاملات طے کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دفاع اور خارجہ پالیسی آئینی طور پر وفاق کے دائرہ اختیار میں آتی ہے، اس لیے صوبائی قیادت کو ایسی کوئی خود مختاری نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ اگر خیبر پختونخوا کی قیادت افغانستان سے براہ راست رابطے کی خواہش رکھتی ہے تو وفاق اس کی اجازت نہیں دے گا، کیونکہ ایسا اقدام آئینی دائرہ کار سے باہر ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ یا گورنر اپنی رائے دینا چاہتے ہیں تو وہ وفاقی اجلاسوں میں شرکت کریں اور اپنا مؤقف پیش کریں، لیکن کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ اپنی رائے وفاق پر تھوپے۔