Welcome To Qalm-e-Sindh

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ معمہ بن گیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ سیاسی و انتظامی حلقوں میں معمہ بن گیا ہے، جہاں ایک جانب استعفیٰ بھیجے جانے کی اطلاعات ہیں، وہیں دوسری جانب گورنر کی جانب سے موصول نہ ہونے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔

ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ گزشتہ شب گورنر ہاؤس کے گیٹ پر پہنچایا گیا، جہاں سی ایم ہاؤس کے عملے نے اسے باقاعدہ طور پر موصول بھی کیا۔ تاہم گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اس وقت اسلام آباد میں موجود ہیں۔

اطلاعات کے مطابق گورنر اسلام آباد میں ایک غیرملکی سفیر سے ملاقات اور پاکستان و افغانستان کے درمیان کھیلے جانے والے فٹبال میچ میں شرکت کر رہے تھے۔ اس دوران استعفیٰ ان کے پرنسپل سیکرٹری تک نہیں پہنچ سکا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ اگر استعفیٰ موصول ہوتا ہے تو اس کا آئینی اور قانونی جائزہ لیا جائے گا، اور اگر کسی قسم کی غلطی پائی گئی تو استعفیٰ واپس بھیج دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ علی امین گنڈاپور نے ایک روز قبل منصب سے استعفیٰ دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ منصب عمران خان کی امانت تھا، جسے اب واپس کر رہا ہوں۔ ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ نئے ممکنہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو ان کی مکمل حمایت حاصل رہے گی۔

Related Posts