Welcome To Qalm-e-Sindh

وزیراعظم کی پیپلز پارٹی سے 27ویں آئینی ترمیم کی حمایت کی درخواست، بلاول بھٹو نے تفصیلات بتا دیں

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 27ویں آئینی ترمیم کی حمایت کی درخواست کی ہے۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کے وفد نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پیپلز پارٹی سے 27ویں آئینی ترمیم کی حمایت کی درخواست کی۔

بلاول بھٹو کے مطابق مجوزہ ترمیم میں آئینی عدالت کے قیام، ایگزیکٹو مجسٹریٹس اور ججز کے تبادلوں سے متعلق شقیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ نیشنل فنانس کمیشن (NFC) میں صوبائی حصے کے تحفظ میں تبدیلی، آرٹیکل 243 میں ترمیم، اور تعلیم و آبادی کی منصوبہ بندی جیسے امور کو وفاقی دائرہ اختیار میں واپس لانے کی تجاویز بھی اس ترمیم میں زیر غور ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 27ویں آئینی ترمیم کے ذریعے الیکشن کمیشن کی تقرری کے معاملے پر پیدا ہونے والے ڈیڈ لاک کو ختم کرنے کی تجویز بھی شامل کی گئی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی قطر سے واپسی پر پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (CEC) کا اجلاس 6 نومبر کو منعقد ہوگا، جس میں پارٹی کی پالیسی اور 27ویں آئینی ترمیم سے متعلق حتمی موقف طے کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلاول ہاؤس کراچی میں ہوگا، جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور مجوزہ آئینی ترامیم پر مشاورت کی جائے گی۔

Related Posts